وفاقی کابینہ کی تشکیل مکمل، کچھ دیر میں اعلان ہوگا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل مکمل ہوگئی، کچھ دیر میں اعلان ہوگا، عمران خان نے اب چیف الیکشن کمشنر کو نشانہ بنا لیا ہے، فارن فنڈنگ کیس کی تاریخ قریب آتے ہی ریفرنس لانے کی دھمکیاں شروع ہوگئیں،عدالتیں اس لیے کھلی تھیں کہ آپ نے پارلیمان پرحملہ کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے چار سال عوام جھوٹ پہ جھوٹ سنتے تھے، یہ سب کچھ اس لیے کے کوئی ان سے ان کی کارکردگی نہ پوچھے، جب ان کی حکومت تھی تب حلقہ بندیاں کیوں نہیں کی ؟ کچھ ہی دیرمیں وفاقی کابینہ کا اعلان کیا جائے گا، وفاقی کابینہ کے نام فائنل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لا رہے ہیں، یہ ریفرنس اس لئے لا رہے ہیں تاکہ ایک ماہ کے اندر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ ہوسکے، آپ کی چوری پکڑی گئی ہے، سابق حکمرانوں کے کارنامے عوام کے سامنے آرہے ہیں، عوام کوفیصلہ کرنا ہوگا کہ سستی دوائی، آٹا، چینی، بجلی اورگیس چاہیے یا جھوٹ، عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا معاشی ترقی چاہیے یاعمران خان کا جھوٹ، عمران خان کے جرائم کے تمام ثبوت دستاویزی شکل میں موجود ہیں۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ 2 کروڑ سے زائد ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے، کل ان کا بیانیہ ہوگا الیکشن کمیشن سازش کر رہا ہے، پارٹی فنڈنگ کی مد میں 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئیں، توشہ خانہ پر ڈاکا ڈالا گیا اس کا جواب کون دے گا؟، فارن فنڈنگ میں 70 لاکھ ڈالر ڈکلیئر نہیں کیے گئے، فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کوسزا ضرور ملے گی، 16 بڑے متنازع ذرائع چھپانے کی کوشش کی گئی، گزشتہ 4 سال میں عوام کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں ملا، فارن فنڈنگ کا معاملہ چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں، عمران خان فارن فنڈنگ کے فراڈ عوام سے چھپانا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس کی باتیں ہو رہی ہیں، ریفرنس کا مقصد فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانا ہے، فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اور انکے حواریوں کی چوری پکڑی گئی، سابق وزیراعظم انتشار پھیلا رہے ہیں، سابق حکمرانوں کے کارنامے ہر روز سامنے آرہے ہیں، وزیراعظم کی کرسی پرمسلط شخص الزام تراشی کرتا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں