لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کر کے منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستیں منظور کر لیں، لارجر بنچ نے گذشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ چار، ایک کے تناسب سے سنایا۔ جسٹس شاہد محمود سیٹھی نے فیصلے سے مشروط اختلاف کیا۔ جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں لارجر بنچ میں جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ اورجسٹس شاہد جمیل خان شامل تھے۔
لاہور ہائی کورٹ نے درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالتی فیصلے کے مطابق وزیراعلی الیکشن کے لیے مطلوبہ نمبر حاصل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ انتخاب کروایا جائے۔عدالت نے کل 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دوبارہ گنتی کا عمل آئین اور قانون کے مطابق کیا جائے، منحرف اراکین کے ووٹ نکال کر حمزہ شہباز کی اکثریت نہیں رہتی تو وہ وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے، عدالت کے احکامات تمام اداروں پر لاگو ہوں گے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اس وقت تک ختم نہیں کیاجائے گا جب تک نتائج جاری نہیں کیے جاتے، صوبے کا گورنر اپنے فرائض آئین کے مطابق ادا کرے گا جبکہ پنجاب اسمبلی کے نتائج آنے کے بعد گورنر دوسرے دن 11 بجے وزیراعلیٰ کا حلف لیں گے۔عدالت پنجاب اسمبلی کے مختلف سیشنز کے دوران بدنظمی کو نظر انداز نہیں کرسکتی اور اگر کسی بھی فریق کی طرف سے بدنظمی کی گئی تو توہین عدالت تصور ہو گی۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزاروں کی پٹیشن دوبارہ گنتی کی حد تک منظور کی جاتی ہیں اور پٹیشنز میں باقی کی گئی استدعا رد کی جاتی ہیں۔ اسپیکر کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری سے متعلق اپیلیں نمٹائی جاتی ہیں اور تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق کیس کی سماعت کی رپورٹنگ پر میڈیا کے کردار کو سراہتے ہیں تاہم چند وی لاگرز نے عدالتی کارروائی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ ایف آئی اے اور پیمرا ایسے وی لاگرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ اگر کوئی بھی درخواست دے گا تو کارروائی کے بعد ایسے وی لاگرز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔جسٹس ساجد سیٹھی نے اختلافی نوٹ لکھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ضرورت نہیں، ڈپٹی اسپیکر کو وزیر اعلیٰ کا انتخاب دوبارہ کرانا چاہیے۔
Load/Hide Comments