شعیب اختر کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق

لاہور: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی۔راولپنڈی ایکسپریس پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکساں مقبول رہے، اس لیے اب ان کی زندگی پر راولپنڈی ایکسپریس نامی انٹرنیشنل فلم بنائی جا رہی ہے، جو ملک کے کسی بھی کرکٹر پر بنائی جانے والی پہلی عالمی فلم ہوگی۔
شعیب اختر نے سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی کہ میری زندگی پر راولپنڈی ایکسپریس نامی فلم بنائی جا رہی ہے، جس میں میری زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہوں گے جو اب تک کسی کے سامنے نہیں آئے۔انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں فلم کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کو کیو فلم پروڈکشن تیار کر رہا ہے اور اس کی ہدایات ایم فراز قیصر دے رہے ہیں۔ راولپنڈی ایکسپریس میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔کرکٹر نے لکھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں