لاہور: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا، معاشی کی بجائے سیاسی ہلچل روپے کی قدر میں کمی کی بڑی وجہ ہے، آنے والے دنوں میں صورتحال بہتر ہوجائے گی،
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک سے بھی پیسے آئیں گے، پچھلے تین ماہ میں کوشش رہی کہ درآمدات کم کریں، معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملکی معاشی صورتحال دگرگوں اور پاکستانی روپیہ مسلسل بے قدری کی جانب گامزن ہے، انٹربینک میں 3 روپے 1 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 225 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ کی صورت حال بھی مندی کا شکا ر ہے جو 227 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 161 پوائنٹس کی سطح پر آگئی ہے۔
سابق وزیر توانائی حماد اظہر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نکمی ترین ثابت ہوئی، موجودہ حکمرانوں نے ڈالر صرف 3 ماہ میں 40 روپیہ مہنگا کر دیا۔ اس کی وجہ سے بجلی، تیل اور ڈیزل اور صنعت کا خام مال بھی مہنگا ہو گا ، آئی ایم ایف کا معاملہ ہو یا بجٹ بنانے کا عمل ہو، موجودہ حکومت نااہل ثابت ہوئی ہے۔